اسلام آباد،یکم فروری (اے پی پی): ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ پانچ فروری کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم کشمیر بنایا جائے گا، اس بار کشمیر پر بھارت کے غیرقانونی قبضہ اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کی طرف ضمیر عالم کو متوجہ کیا جائے گا۔
دفترخارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے میڈیا کو آگاہ کیا کہ وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی بیلجئم میں یورپین یونین انڈو پیسفک وزارتی فورم کے تیسرے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ، اس موقع پر انہوں نے یورپی یونین کے ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈائریکٹرجنرل، کلائمیٹ ایکشن کے کمشنر، جنوبی ایشیائی ممالک کے ساتھ تعلقات کی کمیٹی کے سربراہ اور دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں پاکستان اور یورپی یونین کے تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلی ، صحت اور مواصلات سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔ وزیرخارجہ اگلے چند دنوں کے دوران وزارتی فورم میں شرکت کرنے والے دیگر ممالک کے مندوبین کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔اس موقع پر وہ اقتصادی امور سے متعلق ایک گول میز کانفرنس میں شرکت بھی کریں گے جہاں وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے متعلق آگاہ کریں گے۔











