اسلام آباد،02 فروری(اے پی پی): وزارتِ اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام کشمیر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے جمعہ کو یہاں انفارمیشن سروسز اکیڈمی میں اسکول کے طالبعلموں کی بنائی ہوئی ڈیجیٹل تصویروں اور پینٹنگ نمائش کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات شاہیرہ شاہد نے بھی شرکت کی ۔انہوں نے اس موقع پر تقریر کرتے ہوئے تقریب کے حوالے سے طالبات کی کاوشوں کو سراہا۔
شرکاء سے خطاب میں سیکرٹری اطلاعات نے آزادی کشمیر کی اہمیت کو اجاگر کیا اور کشمیر کے حوالے سے بھارت کے مذموم کارروائیوں کی مذمت کی۔
منتظمین نے استقبالیہ کلمات میں مہمانوں کو خوش آمدید کہا، تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیا، قومی ترانے، ملی نغمے اور تقاریر پر مشتمل اس تقریب میں کشمیر کی جدوجہد آزادی پر ایک دستاویزی فلم دکھائی گئی۔
تقریب میں شریک ماڈل اسکول کی بچیوں نے کشمیر کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ایک خصوصی گیت بھی پیش کیا۔ تقریب سے ڈائریکٹر ڈیمپ فرزین شیخ نے بھی خطاب کیا۔