لاہور، 2 فروری(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کے وفد نے ملاقات کی۔
وفد میں سی پی ایس پی کے صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل،پروفیسر محمود ایاز،پروفیسر عامر زمان خان، پروفیسر ابرار اشرف،پروفیسر محمد طیب اورپروفیسر مصطفیٰ آرائیں شامل تھے۔
سی پی ایس پی کے وفد نے پنجاب کے شعبہ صحت میں انتہائی مختصر وقت میں غیر معمولی اصلاحات پر وزیراعلیٰ محسن نقوی کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے کہا کہ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی رفتار کا مقابلہ کوئی منتخب حکومت بھی نہیں کرسکتی۔ محسن سپیڈ نے آنے والوں کو بہت مشکل میں ڈال دیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک روز میں پانچ،پانچ ہسپتالوں کے دورے کیے اورہسپتالوں کی حالت کو مختصر مد ت میں بہتر بنایا۔
وفد نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے محسن نقوی سے وہ کام لیا ہے جو 1947سے کوئی نہیں کرسکا۔ سی پی ایس پی کے وفد نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کالا شاہ کاکو کیمپس کے حوالے سے مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سی پی ایس پی کے وفد کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران پنجاب حکومت کی پوری ٹیم نے شعبہ صحت کی بہتری کیلئے دن رات کام کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سے کم نہیں۔ہمارے ڈاکٹرز محنتی اور پروفیشنل ہیں،اب ان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپ گریڈڈ ہسپتالوں کی اونر شپ لیں۔
وفد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو سی پی ایس پی کے کانو کیشن کی تصویری البم پیش کی۔ وفد نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو انٹرنیشنل میڈیکل ایجوکیشن کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔











