لاہور،3فروری(اے پی پی):نگران وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی و چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے ، اسلام امن اور محبت کا درس دیتا ہے، پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں،کوئی بھی معاشرہ اتحاد و اتفاق سے آ گے بڑھتا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو چرچ آف پاکستان کے زیر اہتمام بین المذاہب مذہبی ہم آہنگی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اس وقت ملک کو اتحاد و اتفاق اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے، کوئی بھی معاشرہ اتحاد و اتفاق کے بغیرآ گے نہیں بڑھ سکتا، اس سلسلے میں علما کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔انہوں نے کہا کہ جس کواللہ نوازتے ہیں اسے دین کی سمجھ عطا فرماتا ہے اور علما کرام وہ ذریعہ ہیں جن کے توسط سے ہمیں دین کی سمجھ حاصل ہوئی، دین اسلام کے ساتھ ہمارے رشتے کو مضبوط کرنے میں علما کرام کااہم کردار ہے، اس وقت علما ء پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ انہیں منبر سے اس پیغام کو عام کرنا ہو گا۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان مختلف مذاہب کے ماننے والوں کا ملک ہے، پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں، میں بطور چیئرمین پاکستان علماء کونسل یہ بات کہتا ہو ں کہ پاکستان میں بسنے والا چاہے وہ ہندو یا مسیحی ہو وہ سب پاکستانی ہیں ،تمام مذاہب بشمول مسحیت اور یہودیت پاکستان میں تمام شہریوں کو وہی حقوق حاصل ہیں جو ایک مسلمان کو حاصل ہیں۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ ہر مسلمان جس نے آخری نبیؐ کا کلمہ پڑھا ہے وہ اس معاہدے کا پابند ہے جو معاہدہ حضوؐرنے ۖغیر مسلموں کے ساتھ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جڑانوالہ کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اسلام امن اور محبت کا درس دیتا ہے ، ہمارے سپہ سالار نے مسیحی وفد کو جی ایچ کیو بلا کر ان کے ساتھ اظہار ہمدری کیا ۔











