اسلام آباد، 04 فروری (اے پی پی ): اتحاد اسلامی کشمیر کے چیئرمین سعید منظور احمد شاہ نے کہا ہے کہ یوم یکجہتی کشمیر پاکستانی عوام اور حکومت نے مل کر 1990 ءمیں شروع کیا ہے اور تب سے لے کر مسلسل ہر سال یہ یوم یکجہتی کشمیر اس مقصد سے منایا جاتا ہے کہ پاکستانی قوم اورحکومت پاکستان کی جانب سے پوری دنیا کو آگاہ کیا جاسکے کہ مقبوضہ کشمیر کی عوام قابض بھارت سے اپنی آزادی کیلئے انتھک جدوجہد کر رہی ہے ۔
“اے پی پی” سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سعید منظور احمد شاہ نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر سے دنیا کو باور کرایا جائے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کیسے اور کیا کیا مظالم ڈھا رہا ہے ؟اور مقبوضہ کشمیرسے بھارتی تسلط کے خاتمے اور تحریک آزادی کو فروغ دینے کیلئے پاکستانی قوم اور عوام متحد ہیں ،یہ دن منانے سے پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کااظہار ہوتا ہے ، دنیا کو یہ پتہ چلتا ہے کہ پاکستانی قوم اور حکومت جدوجہد آزادی کیلئے ہر سطح پر مقبوضہ کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم تحریک آزادی کشمیر کو محسوس کرتی ہے، مانتی اور تسلیم کرتی ہے۔ پاکستان کشمیری عوام سے اپنی یکجہتی کے اظہار سے دنیا کو باور کرانا چاہتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرارداد نمبر 47 ، 120 اور 90 کے ذریعے کشمیریوں کے جائز جدوجہد آزادی کیلئے ان کی مدد کر رہا ہے اور کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے ہر لحاظ سے ان کے ساتھ ہے ۔
انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کا بنیادی مقصد یہ ہوتا ہے کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کا حل کرایا جائے اور دنیا کو یہ باور کرایا جائے کہ اس جدوجہد کا اصل مقصد کشمیریوں کی بھارت سے علیحدگی اور پاکستان سے الحاق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے کشمیری قوم بھی اپنی جدوجہد کر رہی ہے ، بھارت ہر قسم کے مظالم اسی لیے ڈھا رہا ہے کہ کشمیری پاکستان کا نام کیوں لیتے ہیں۔











