کوئٹہ، 06 فروری (اے پی پی):چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادرخان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کی صاف و شفاف اور پر امن انعقاد کو ہر صورت کامیاب بنانا ہے،نگران صوبائی حکومت انتخابات منعقد کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے انتہائی حساس اور نارمل پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جا رہے ہیں۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے منگل کےروز آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ میں قائم الیکشن کنٹرول روم کے دورے کے موقع پر کیا۔اس موقع پر صوبے میں صاف و شفاف اور پر امن انتخابات کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کہا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ہر صورت یقینی بنانا ہے اور کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل آج مکمل ہو جائےگی۔صوبے میں پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے 65521 سیکیورٹی اہلکاروں کی تعیناتی ہوگی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پولنگ اسٹیشنز پر آرمی کی 19082،پولیس 31895، لیویز 14544 جبکہ کیو آر ایف کی 5094 اہلکار تعینات ہوں گےپولنگ اسٹاف، ٹرانسپورٹیشن اور سیکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔
اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر محمد فرید آفریدی،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم، آئی جی پولیس عبدالخالق شیخ، سیکرٹری آئی ٹی ایاز مندوخیل، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ نور احمد پرکانی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن حمزہ شفقات سمیت کمشنرز، ڈی آئی جیز، ڈپٹی کمشنرز، ایس ایس پیز نے شرکت کی۔











