لاہور،6فروری (اے پی پی):صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے کہا ہے کہ عام انتخابات کو پرامن بنانے کیلئے اقدامات مکمل ہیں،تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر اپنا کام مکمل کیا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو صوبائی الیکشن کمشنرپنجاب آفس لاہور میں عام انتخابات حوالے سے ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا ۔انہوں نے کہاکہ 8 فروری کے صاف شفاف انتخابات کے لئے تیاریاں مکمل ہیں، الیکشن کو پرامن بنانے کے لئے بھی اقدامات کر لئے گئے ہیں ‘ بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ کا کام مکمل ہو چکا ہے اور تمام ڈسٹرکٹ افسران کو اضلاع میں ترسیل کی جا چکی ہے ، آج تمام ریٹرننگ افسران بیلٹ پیپرز کے ساتھ انتخابی مواد پریذائیڈنگ افسران کو موصول کراد یں گے اور پولنگ سٹیشنز تیار کر دئیے جائیں گے،اس مقصد کے لیے صوبہ پنجاب میں کلیکشن اینڈ ڈسٹری بیوشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکورٹی و کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے کہاکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس عمل میں موسم کی خرابی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم تمام چیلنجز کے باوجود کمیشن نے وقت پر یہ کام مکمل کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل کو بہتر سے بہتر کیا جائے اور اس سلسلے میں بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں، خصوصا ہماری موجودہ مینجمنٹ نے پاکستان کے انتخابی نظام کو بہتر بنانے اور جنرل الیکشن 2024کو بہترین انداز میں منعقد کرانے کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں جس میں باہمی رابطہ اور مانیٹرنگ کا سخت نظام شامل ہے ۔انہوں نے کہاکہ تمام امیدواروں اور متعلقہ افراد کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کیا گیاہے، تمام معاملات کی نگرانی کے لئے کنٹرول روم قائم کیا گیاہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے مزید کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی اور شکایات پر کارروائی ‘ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کو قوانین پر عمل کرانے کی واضع ہدایات دے دی گئی ہیں۔عام انتخابات کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پنجاب میں 441قومی اور صوبائی حلقوں کی تعداد ہے ،اس میں سے 144قومی اور 297حلقے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹوٹل پولنگ بوتھ کی تعداد 149390.ہے جن میں مردانہ پولنگ بوتھ 79013ہے اور زنانہ پولنگ بوتھ کی تعداد 70377 ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران 42ریٹرننگ افسران 441اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران 882ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران 42 مانٹیرنگ افسران 1200 ہیں۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا کہ ٹوٹل پولنگ عملے کی تعداد 524070ہے جن میں پریذائیڈنگ افسران کی تعداد 53491 اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کی تعداد 313719 ہے اور پولنگ افسران 156860 ہے۔انہوں نے کہا کہ پولنگ عملے کی تربیت یکم فروری تک مکمل کر لی گئی تھی ،28297نارمل پولنگ اسٹیشن جبکہ 15617حساس اور 6040انتہائی حساس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں 7کروڑ 42لاکھ 90ہزار 924ووٹر ووٹ کاسٹ کریں گے جس میں مرد رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد3کروڑ 96لاکھ 90ہزار 487 جبکہ خواتین رجسٹرڈ ووٹر کی تعداد 3کروڑ 46لاکھ 437ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹوٹل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد50,900ہے۔انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ ووٹر اور پولنگ سیکم کا ڈیٹا 8300ایس ایم ایس سروس میں اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی سختی سے پاسداری کروائی جائے گی، پنجاب میں پرامن و صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں کسی بھی قسم کا خلل ڈالنے والے کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا ۔











