لاہور،6فروری(اے پی پی):کئی برس پرانا پولیس کی رہائشگاہوں کی تعمیر کا منصوبہ صرف 41 روز میں مکمل کر لیا گیا۔وزیراعلی محسن نقوی نے قربان لائنز کا دورہ کیا اورپولیس کے اپارٹمنٹس ون لاہورکا افتتاح کر دیا۔
قربان لائنز میں اپارٹمنٹس پولیس آفیسرز کو دینے کی خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعلی پنجاب محسن نقوی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔وزیراعلی نے اپارٹمنٹس کی چابیاں خوش نصیب پولیس آفیسر زکو دیں۔وزیراعلی نے پولیس کے اپارٹمنٹس کا دورہ کیا اور پولیس کی رہائشگاہوں کے معیار کی تعریف کی۔
وزیر اعلی محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپارٹمنٹس کے فنشنگ ورک کو اعلی معیارسے مکمل کیا گیا، پولیس کی رہائشگاہو ں کے مسائل کاحل نہایت ضروری ہے، مختصر دورانیے میں پولیس کی فلاح کے لئے جتنا کام کرسکتے تھے کیا ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ محکمہ تعمیرات و مواصلات اور دیگر ٹیمز کو ریکارڈ مدت میں پولیس اپارٹمنٹس مکمل کرنے کا کریڈٹ جاتا ہے،پولیس کے یہ اپارٹمنٹس صرف 41روز میں مکمل ہوئے ہیں جس کے لئے سیکرٹری تعمیرات ومواصلات اور ان کی ٹیم نے دن رات محنت کی۔سیکرٹری تعمیرات پنجاب میں بڑے پراجیکٹس کو دن رات محنت سے مکمل کرا رہے ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ پولیس کے لئے 313 گھر بنا رہے ہیں،ان گھروں کی تعمیر کے لئے فنڈز بھی دے کر جائیں گے،آئی جی پنجاب نے پولیس کے لئے بہت کام کیاہے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے کہا کہ ایک دور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان ا نور سے پہلے کا ہے او رایک دور ڈاکٹر عثمان انور کا ہے،پنجاب میں ہماری ٹیم نے دن رات محنت کر کے ڈلیور کرنے کی پوری کوشش کی اور ہر ایک نے اپنا حصہ ڈالا۔ پولیس افسرو ں کو مبارکباد یتا ہوں اور ان کے لئے نیک خواہشات کااظہار کرتا ہوں۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پولیس افسروں کے لئے رہائش کا مسئلہ کافی پرانا ہے،وزیراعلی محسن نقوی کے ساتھ اس مسئلے کے حل کے لئے بات کی تو انہوں نے فوری طور پر کام شروع کرایااورپولیس کے مختلف پراجیکٹس کے لئے 41 ارب روپے کے فنڈز دئیے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے پولیس کے مسائل کے حل کے لئے جو کام کیا وہ مثالی ہے۔۔
آئی جی پنجاب نے اپارٹمنٹس کے بارے میں بریفنگ دی۔ سیکرٹری تعمیرات ومواصلات، سی سی پی او لاہور،ڈی آئی جی آپریشن،ایڈیشنل آئی جی ڈویلپمنٹ اور اعلی پولیس حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔











