کوئٹہ ،07 فروری(اے پی پی): نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے محکمہ داخلہ کے صوبائی الیکشن کنٹرول سینٹر کا دورہ، اس موقع پر کور کمانڈر بلوچستان کور لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد خان، نگران وزیر داخلہ میر زبیر خان جمالی، صوبائی الیکشن کمشنرمحمد فرید آفریدی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم و دیگر اعلیٰ سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ زاہد سلیم نے فورم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولنگ اسٹاف کو الیکشن میٹریل فراہم کرکے متعلقہ جائے تعیناتیوں پر بھجوانے کا عمل آج سے شروع ہوگیا، تمام ڈویژنز اور اضلاع میں کنٹرول روم قائم، 70 فیصد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیے گئے ہیں جبکہ30 فیصد کیمرے آج شام تک نصب کردئیے جائیں گے۔
اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا کہ بلوچستان میں عام انتخابات کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے معمولی واقعات اور الیکشن سے جڑے جرائم کے واقعات کو الگ الگ دیکھنے کی ضرورت ہے۔ عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان نے کہا کہ پاک فوج، ایف سی پولیس اور لیویز کے 66214 جوانواں کی تعیناتی کردی گئی ہے، بحالی امن کے لئے 12 کور اور ایف سی کے جوان پولیس اور لیویز کی معاونت کے لئے موجود ہوں گے، انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور صوبائی حکومت کی جانب سے مطلوبہ فنڈز کا اجراءبروقت کیا گیا اور تمام علاقوں میں الیکشن میٹریل کی ترسیل مکمل ہوگئی۔











