اسلام آباد،7 فروری(اے پی پی ): الیکشن کمیشن کے ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خضر عزیز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے مزین “الیکشن سٹی” قائم کیا ہے، کسی بھی خرابی کی صورت میں متبادل ویب سائٹ بھی تیار کی گئی ہے۔
ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خضر عزیز نے بدھ کو یہاں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وٹس ایپ، ای میل اور فیکس کے ذریعے انتخابی نتائج کی وصولی کے حوالے سے جامع حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے۔الیکشن کمیشن نے بغیر کسی تعطل کے نتائج کی ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے متبادل ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) انٹرنیٹ کی عدم دستیابی پر کام کرے گا، یہ سسٹم ایسے علاقے جہاں پر کنکٹیویٹی کے مسائل ہیں وہاں پر سیٹلائٹ کمیونیکیشن سے منسلک کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خضر عزیز نے بتایا کہ ای ایم ایس دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں ابتدائی طور پر پریذائیڈنگ آفیسر کی جانب سے نتائج فوٹو کے ذریعے لئے جائیں گے جو فارم۔45 کیلئے ریٹرننگ آفیسر کو بھجوایا جائے گا، اگر کہیں پر کنکٹیویٹی کے مسائل پیدا ہوئے تو وہاں پر نتائج کی ترسیل آف لائن ماڈیولز کے ذریعے ہو گی۔تمام حلقوں کے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فارم۔45 کی تصویر بنائیں اور اسے اپنے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کو بھجوائیں، ریٹرننگ آفیسر یہ نتائج فارم۔47 پر مرتب کرکے میڈیا کو جاری کرے گا۔
محمد خضر عزیز نے کہا کہ ہر ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے باہر نتائج شیئر کرنے کیلئے میڈیا وال بنائی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے الیکشن سٹی میں پانچ میڈیا والز بنائی گئی ہیں جہاں پر قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے نتائج مسلسل اپ ڈیٹ کئے جائیں گے۔











