راولپنڈی؛ تمام پولنگ سٹیشنز پر پولیس کے سیکورٹی حصار میں پولنگ کا عمل جاری

13

راولپنڈی، 08 فروری(اے پی پی):الیکشن 2024 ضلع بھر میں تمام پولنگ سٹیشنز پر پولیس کے سیکورٹی حصار میں پولنگ کا عمل جاری ہے ضلع بھر میں دس ہزار پولیس افسران سیکورٹی و ٹریفک انتظامات یقینی بنا رہے ہیں ضلع بھر میں قومی اسمبلی کے 7 اور صوبائی اسمبلی کے 14 حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔

580 حساس ترین، 980 حساس اور 1221 دیگر پولنگ سٹیشنز پر سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، ضلع بھر میں 2781 پولنگ سٹیشنز پر پولیس افسران سیکورٹی فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ280 کلسٹرز میں پولیس اور ایلیٹ کمانڈوز اہم مقامات و شاہراہوں پر گشت کر رہے ہیں۔سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کے داخلی و خارجی راستوں اور اہم مقامات پر خصوصی پکٹس لگائی گئی ہیں اور ضلعی کنٹرول روم کے ساتھ ساتھ راولپنڈی پولیس کے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، تمام سینئر افسران فیلڈ میں سیکورٹی انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں، اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہے، الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے، کسی بھی قانون شکنی یا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہو گی۔شہریوں کو حق رائے دہی کے استعمال کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے، امن و امان کو یقینی بنائیں گے، سی پی او کا یہ بھی کہنا تھاکہ امن و امان میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔