پشاور،8 فروری(اے پی پی): ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی انتخابات 2024 کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے ، گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے بھی پشاور میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا،گورنر حاجی غلام علی نے ایریگیشن کالونی ورسک روڈ پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جہاں گورنر کے ہمراہ انکے فرزند میئر پشاور حاجی زبیر علی اور فیاض علی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر لیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی غلام علی نے اس امید کا اظہار کیا کہ صوبہ بھر میں پرامن انتخابی عمل اپنے اختتام کو پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ایک قومی فریضہ اور ملک میں جمہوری عمل کی مضبوطی کا ضامن ہے، عوام ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے گھروں سے ضرور نکلیں اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔











