لاہور، 08فروری (اے پی پی): آج ملک بھر کی طرح صوبہ پنجاب میں بھی بارہویں عام انتخابات کیلئے صبح 8 بجے سے ووٹ ڈالنے کا عمل شروع ہو گیا ہے۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں قومی اسمبلی کے 14 نشستوں پر تاریخی ٹرن آؤٹ سامنے آیا ہے ۔ووٹ ڈالنے کا عمل مقامی وقت کے مطابق شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔ پنجاب کی 144قومی اور 297صوبائی اسمبلی کے حلقے کیلئے 7کروڑ 42لاکھ 90ہزار 9سو 24 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جن میں مرد رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3کروڑ 96لاکھ 90 ہزار 487 اور خواتین رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 3کروڑ 46لاکھ 4 سو 37 ہے۔
ان انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے کل 50,900 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں مردانہ پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 14,573 ہےجبکہ خواتین کیلئے قائم کیے گئے پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 14,059 ہے۔
عام انتخابات میں عوام پُرجوش نظر آ رہے ہیں، کئی پولنگ اسٹیشنز پر گہما گہمی دیکھنے میں آئی، کہیں بزرگ شہری سہارا لے کر ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشن پہنچے تو کہیں وہیل چیئر اور بیساکھی کی مدد سے خصوصی افراد نے پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کیا۔
عام انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوگی،اسلحہ کی نمائش،فائرنگ پر آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا،فورس کی ڈیوٹی سے متعلق غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی جبکہ کنٹرول رومز کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔











