سیالکوٹ،13 فروری(اے پی پی): سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز “ای ایم ایز ” کی رہنمائی اور تربیت فراہم کرنے کے لیے ایک تربیتی سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار کی صدارت صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے کی جبکہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای)کمیٹی کے چئیرمین و ممتاز صنعتکار فیضان اکبر نے شرکاء کو لیڈز جنریشن اور ای میل مارکیٹنگ سے متعلق آگاہی فراہم کی۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں نئے اور چھوٹے ایکسپورٹرز کے لیے تجارتی بین الاقوامی سفر کرنا بہت مہنگا ہوگیا ہے،اس لئےاُن کو اپنی ای میل مارکیٹنگ پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار نئے انٹرپرینیورز کے لیے رکھا گیا ہے جس کا مقصد انہیں کاروباری فیلڈ میں رہنمائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ آگے بڑھ کر نہ صرف اپنے لیے بلکہ سیالکوٹ سمیت اپنے وطن کے لیےاپنے کاروبار کو وسعت دیں اور زرمبادلہ کما کر ملکی تعمیروترقی میں اپنا کردارا ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ کہا کہ میرا یہ 152 واں سیمینار ہے اور میرے اس کام میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ہمیشہ مجھے سپورٹ کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ میں اپنے کام کو مزید بہتر انداز میں کر رہا ہوں۔ انہوں نے پریزنٹیشن بھی پیش کی جسے شرکاء سیمینار نے بے حد سراہا۔ نوجوان انٹرپرینیورز کی کثیر تعداد نے سیمینار میں شرکت کی۔