اسلام آباد،19 فروری(اے پی پی):پاکستان سپر لیگ سیزن نو کا میلہ جاری ہے،ملتان اسٹیڈیم میں لیگ کے افتتاحی میچز کیبعد لاہور کا قذافی اسٹیڈیم بھی میزبانی کیلئے تیار ہے۔
دوسری جانب پاکستان سپر لیگ کے غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ لاہور قلندرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں ،ویسٹ انڈیز کے کارلوس بریتھ ویٹ اور زمبابوے کے سکندر رضا نے لاہور قلندرز کو جوائن کرلیا ہے ۔
کراچی کنگز کی ٹیم اپنے اگلے میچ کیلئے ملتان سے لاہور کیلئے روانہ ہو گئی ہے۔کراچی کنگز اپنا اگلا میچ 21 فروری کو پشاور زلمی کے ساتھ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلیں گے جبکہ 24 فروری کو کراچی کنگز کا مقابلہ روایتی حریف لاہور قلندرز سے قذافی اسٹیڈیم میں ہوگا۔
کراچی کنگز اور ملتان سلطان کے درمیان کھیلے گئے پہلے میچ میں ملتان سلطانز کامیاب رہا۔ملتان سلطانز نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر کراچی کنگز کیخلاف 55 رنز کے مارجن سے کامیابی حاصل کی۔ کراچی کنگز 186 رنز کے تعاقب میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بناسکی۔