سیالکوٹ:محکمہ فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں ،750لیٹر  ملاوٹ شدہ دودھ تلف

10

سیالکوٹ،19فروری  (اے پی پی):محکمہ فوڈ اتھارٹی سیالکوٹ کی  ڈیری سیفٹی ٹیموں کی جانب سے علی الصبح شہر کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی کے دوران 612 دودھ بردار گاڑیوں اور ملک شاپس سے85ہزارلٹر سے زائد دودھ کی چیکنگ کی گئی،   ملاوٹ اور قدرتی فیٹ کی کمی پر750 لٹر سے زائد مضر صحت دودھ تلف کردیا گیا۔

ترجمان فوڈ  اتھارٹی سیالکوٹ  کے مطابق شیر فروشوں کو قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 1لاکھ14ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔دوران چیکنگ کارسرکار میں مداخلت کرنے پر دکان مالک کے خلاف مقدمہ  بھی درج کروایا گیا۔

ترجمان نے بتایا کہ غیر معیاری ملاوٹی دودھ کو سیالکوٹ اور ملحقہ علاقوں میں سپلائی کیا جانا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دودھ کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ملاوٹ کرنے والوں کےخلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔