خیرپور،20فروری(اے پی پی)شہید ذوالفقار علی بھٹو مہران انجینئرنگ کیمپس میں 27واں سالانہ کانووکیشن منعقد ہوا ،کانووکیشن میں مہران انجینئرنگ یونیورسٹی جام شورو کے وائس چانسلر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی ، شاہ عبداللطیف یونیورسٹی کے وائیس چانسلر ڈاکٹر امانت علی جلبانی ،شہید بے نظیر بھٹو ٹیکنیکل یونیورسٹی کے وائیس چانسلر رسول بخش مہر اور خیرپور کیمپس کے پرو وائیس چانسلر در محمد پٹھان کانووکیشن میں شریک ہوئے ۔
کانووکیشن میں کیمپس کے 162 طلبہ و طالبات کو ڈگریاں دی گئی جبکہ ایک طالب علم کو گولڈ میڈل اور پانچ طلبہ کو سلور میڈل سے نوازاگیا ،مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طحہٰ حسین علی نے کانووکیشن سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ خیرپور کیمپس کے طلبہ کو ڈگریاں دیکر خوشی ہوئی آج کا دن ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ کے لیے بڑی خوشی اور بڑی عید کا دن ہے۔
انہوں نے کہاکہ خیرپور کیمپس سندھ کا مثالی اور کامیاب ترین کیمپس ہے، کیمپس کے طلبہ سیاست سے دور رہ کر پڑھتے ہیں کیمپس کے طلبہ امن پسند ہیں ا ن کی توجہ پڑھائی کی طرف ہے میری دعا ہے کہ خیرپور کیمپس کے طلبہ بڑی کامیابیاں حاصل کریں اور اپنے مقاصد حاصل کریں۔ انہوں نے کہاکہ میری یہ بھی دعا ہے کہ شہید ذوالفقا ر علی بھٹو کیمپس کو جلد سے جلد مکمل یونیورسٹی کا درجہ ملے کیمپس کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر در محمد پٹھان نے یونیورسٹی کے اساتذہ ااور افسران کے ہمراہ آنے والے مہمانوں کا مثالی استقبال کیا اور ڈگریاں حاصل کرنے والے طلبہ کو مبارکباد دی کانووکیشن میں طلباءو طالبات کے والدین بھی شریک ہوئے۔