کوئٹہ،22فروری(اے پی پی): چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا پولیو کے مکمل خاتمے تک تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائیگا۔ انہوں نے کہا پانچ سال کی عمر تک کے تمام بچوں کو اس موذی مرض سے تحفظ دیا جا سکے۔ انسداد پولیو مہم انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ٹرانزٹ پوائنٹس اور رہ جانے والے بچوں پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ چیف سیکرٹری نے مزید کہا مہم میں رہ جانے والے اور انکاری والدین کو قائل کرنا انتہائی ضروری ہے۔ ہم نے عزم کر رکھا ہے کہ پورے صوبے سے پولیو کا خاتمہ کر کے ہی رہیں گے۔
قبل ازیں چیف سیکرٹری کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان بھر میں سات روزہ انسداد پولیو مہم بروز پیر سے شروع ہو گی۔ مہم کے دوران 26 لاکھ 55ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ پولیو مہم میں 11 ہزار سے زائد ٹیمیں حصہ لیں گی۔مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ بلوچستان میں 2021 کے بعد تاحال کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری صحت عبداللہ خان، کوآرڈینیٹر ای او سی سید زاہد شاہ، ڈبلیو ایچ او، یونیسف اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔