ریسرچ ایرینا کے پہلے روز” ایجوکیشنل سائنسز اور ریسرچ” کے موضوع پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام

19

سرگودھا،1مارچ (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھامیں ریسرچ ایرینا 2024ء کے پہلے روز انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن کے زیرِ اہتمام ایجوکیشنل سائنسز اور ریسرچ کے موضوع پر چوتھی بین الاقوامی کانفرنس ،یونیورسٹی آف سرگودھا ریسرچ ایکسپو2024ء، انٹرنیشنل آرٹ ایکسپو اور سی ای او فورم کا آغاز ہو گیا۔ ’’تعلیم برائے سماجی اور اقتصادی پائیداری‘‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ ایجوکیشنل سائنسز اور ریسرچ کانفرنس میں جنوبی کوریا، کینیڈا، ملائشیا، سری لنکا، ترکی، انگلینڈ سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی ماہرین ِ تعلیم ومحققین شرکت کر رہے ہیں۔ تین روزہ سرگودھا ریسرچ ایکسپو میں روانی کرہ(انو سفیئر) کے عنوان سے منعقدہ نمائش میں ڈیپارٹمنٹ آف باٹنی کی جانب سے لگائے گئے ایک سٹال میں ہائیڈرو پونکس طریقہ کاشت کو بروئے کار لاتے ہوئے غیر روایتی کچن گارڈننگ کے بارے میں رہنمائی فراہم کی گئی۔ سٹال میں بغیر زمین کے سبزیوں اور پھلوں کی افزائش کے عملی نمونے بھی پیش کیے گئے جبکہ پودوں کی تیز رفتار بڑھوتری اور معیار کو یقینی بنانے کیلئے نیوٹرنٹ سولیوشن بھی پیش کیے گئے جس کا مقصد گھریلو سطح پر باغبانی کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اسی طرح پودوں اور بائیو ڈائیورسٹی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے بھی سٹال لگایا گیا۔ شعبہ زوالوجی کی جانب سے حنوط کاری کے عمل سے متعلق سٹال لگایا گیا۔کالج آف فارمیسی کے طلبہ نے حفظانِ صحت جبکہ شعبہ سائیکالوجی نے ذہنی صحت سے متعلق آگاہی دینے کیلئے سٹال لگایا۔ زرعی کالج کی جانب سے حشرات سے متعلق آگاہی کا سٹال لگایا گیا۔ شعبہ ایگرانومی کی جانب سے تیار کر دہ جدید زرعی آلات بھی نمائش کا حصہ بنائے گئے۔ انسٹیٹیوٹ آف فوڈ سائنس اینڈ نیوٹریشن کی جانب سے معیاری غذا سے متعلق آگاہی کیلئے فوڈ سٹال لگایا گیا۔ شعبہ فائن آرٹ کے طلبہ نے فن پاروں کے ذریعے فطرت کی عکاسی کی۔ اسی طرح مختلف شعبہ جات کی جانب سے کاسمیٹکس، ملبوسات اور دیگر گھریلو استعمال کی اشیاء کے سٹالز لگائے گئے۔انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن کے زیرِ اہتمام زبیدہ آغا آرٹ گیلری میں منعقدہ  انٹرنیشنل آرٹ ایکسپو میں نامورملکی و غیر ملکی فن پارے پیش کیے گئے۔ انٹرنیشنل کانفرنس، سرگودھا ریسرچ ایکسپو، انٹرنیشنل آرٹ ایکسپو کا افتتاح ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے کیا۔افتتاحی تقریبات میں وائس چانسلر بہاؤالدین زکریہ یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وائس چانسلر ایمرسن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان، کامسٹ یونیورسٹی اسلام آباد کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر ساجد قمر، پرو وائس چانسلر یونیورسٹی آف سرگودھا پروفیسر ڈاکٹر میاں غلام یاسین سمیت مختلف شعبہ جات کے صدور، عہدے داران، سول سوسائٹی کے ممبران اور طلبا و طالبات بڑی تعداد میں موجود تھے۔