بلوچستان اور پاکستان کے دیگرعلاقوں میں بلوچ کلچرڈے منایا جارہا ہے

34

اسلام آباد، 02 مارچ  (اےپی پی): بلوچستان اور پاکستان کے دیگر علاقوں میں ہفتے کو  بلوچ کلچر ڈے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، بلوچ عوام اسے ہر سال 2 مارچ کو مناتے ہیں۔ یہ دن بلوچ ثقافت، روایات اور ورثے کا جشن گردانا جاتا ہے، یہ ہزاروں سال پرانی تاریخ رکھتا ہے۔ بلوچ قوم دنیا کے قدیم ترین نسلی گروہوں میں سے ایک ہے اور ان کی ثقافتی تاریخ بہت زیادہ قدیم ہے۔

بلوچ کلچرڈے کو ناصرف پاکستان میں بلکہ پوری دنیا میں بسنے والے بلوچ تارکین وطن پورے جوش و جذبے کے ساتھ مناتے ہیں، خاص طور پر بلوچستان میں اس موقع پر بڑے پیمانے پر سرگرمیاں عروج پر نظر آتی ہیں، بلوچستان رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے۔
اس دن کو مختلف سرگرمیوں کے ذریعے منایا جاتا ہے، جو بلوچ عوام کی منفرد ثقافت کو ظاہر کرتی ہیں۔ ان سرگرمیوں میں روایتی رقص، موسیقی، شاعری اور لوک گیت شامل ہیں۔ لوگ اپنے روایتی لباس میں ملبوس ہوتے ہیں اور مقامی بازار دست کاری اور دیگر روایتی اشیاء سے بھرے دکھائی دیتے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچ کلچر ڈ ے پربلوچ بھائیوں اور بہنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان خوبصورت لوگوں کی خوبصورت دھرتی ہے ۔

بلوچی ثقافت دنیا بھر میں اپنا منفرد مقام رکھتی ہے۔بلوچستان کی ترقی اصل میں پاکستان کی ترقی ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ پاکستان کی دیگر ثقافتوں کی طرح بلوچ کلچر میں بھی محبت اور حب الوطنی کے خدوخال نمایاں ہیں۔