ملتان:ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کو بہترین سہولیات فراہمی کا عزم کر رکھا ہے، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر

25

 

ملتان،02 مارچ(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ نے مسافروں کو بہترین سہولیات فراہمی کا عزم کر رکھا ہے اس سلسلے میں جنرل بس سٹینڈ انتظامیہ کو جنرل بس اسٹینڈ کو مثالی بنانے کا الٹی میٹم دے دیا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اچانک جنرل بس سٹینڈ اور ٹرمینلز پر صفائی و تجاوزات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ناقص صفائی پر عملے سے اظہار برہمی کیا اور آپریشن کلین کے احکامات بھی جاری کئے۔

ڈپٹی کمشنر نے سٹاف کی حاضری چیک کی اور ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے کاونٹرز بھی چیک کئے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ رضوان قدیر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے سب سے بڑے جنرل بس پر سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بس ٹرمینلز اور انتظار گاہوں کو جدید انداز میں ڈھالا جائے گا۔رضوان قدیر نے بتایا کہ غیر قانونی بس و ویگن اڈوں کے خلاف کریک ڈاؤن دوبارہ شروع کرینگے۔