طلباوطالبات کی کامیابیوں میں اس ملک کی کامیابی ہے،ان کے مسلسل محنت اور آگے بڑھنے کے جذبے قابل ستائش ہیں،گورنر پنجاب

17

فیصل آباد,  06  مارچ  (اے پی پی):گورنر پنجاب انجینئرمحمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ طلباوطالبات کی کامیابیوں میں اس ملک کی کامیابی ہے،ان کی مسلسل محنت اور آگے بڑھنے کے جذبے قابل ستائش ہیں،ہماری تعلیم وتربیت کا تقاضہ ہے کہ اچھائی پھیلانا اوربرائی کو روکنا ہمارا فرض ہونا چاہیے، زرعی یونیورسٹی آکرفخر محسوس کررہا ہوں کیونکہ اس عظیم روایات کے حامل ادارے نے اپنی کارکردگی کے باعث نہ صرف اندرون ملک بلکہ دنیا بھر میں وطن عزیز کا نام روشن کیا ہے اور اس کے فارغ التحصیل گریجوایٹس ملکی و بین الاقوامی سطح پر خدمات سرانجام دیکر ملک و قوم کا نام روشن کررہے ہیں جبکہ آج پاس آؤٹ ہونیوالے گریجوایٹس اور ڈگری و میڈل ہولڈرز سے بھی امید ہے کہ وہ عملی زندگی میں آکر ملکی تعمیر وترقی، قومی سوچ کو پروان چڑھانے اور دیئے سے دیا جلاکر پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں لاکھڑا کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔ بدھ کے روززرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے27 ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب میں  گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن نے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بحیثیت انسان ہمیں سوسائٹی میں ایک دوسرے کی سپورٹ کی ضرورت رہتی ہے اسلئے ہمیں ٹیم ورک سے ایک دوسرے کا مخلصانہ ساتھ دینا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ٹائمز رینکنگ اور جنگلات و زراعت کی عالمی رینکنگ میں بہتر پوزیشن خوش آئند ہے،تعلیم کیساتھ کردار سازی یونیورسٹیز کا خاصہ ہے،آرٹیفیشل انٹیلی جنس آنے کے بعد ہمیں مزید سکلز سیکھنے کی ضرورت ہے،اعلیٰ وارفع کردار ہی دنیا اور آخرت میں کامیابی کا راز ہے،درست راستہ مشکل لگے گا لیکن آپ نے ہمت نہیں ہارنی۔انہوں نے کہا کہ نالج بیسڈ اکانومی ہی ملک کو آگے لے کر جائے گی۔ گورنرنے کہا کہ زراعت اب روایتی کاشتکاری کا نام نہیں بلکہ اس میں جدت آچکی ہے،آج بھی قدیم طریقہ کاشت سے پیداواری صلاحیت متاثر ہورہی ہے لہٰذازرعی گریجوایٹس کی ذمہ داری ہے کہ کسانوں کو جدید کاشتکاری کی طرف لے کر آئیں۔انہوں نے کہا کہ زرعی گریجوایٹس کو مورنگا سمیت امپورٹ ہونے والی پراڈکٹس پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ گورنرنے یونیورسٹی میں سائیکل کلچر کو فروغ دینے پر بھی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ عالم اقوام کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمیں اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق میں بھی جدت لانا ہوگی تاکہ ہم عالمی سطح پر ہونیوالی ڈویلپمنٹس کا مقابلہ کرنے سمیت بین الاقوامی سطح پر اپنا مقام و حصہ حاصل کرسکیں۔قبل ازیں وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آبادپروفیسر ڈاکٹراقرار احمد خان نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کی کارکردگی اور طلبا و طالبات کی اچیومنٹس پر تفصیلی روشنی ڈالی۔