مہا شیو راتری کی تقریبات میں شرکت کیلئے بھارت سے112 ہندو یاتری واہگہ کے راستے پاکستان پہنچ گئے

19

 

لاہور، 6 مارچ ( اے پی پی ) :ہندو مذہب کے تہوار مہا شیو راتری کی تقریبات میں شرکت کے لئے بھارت سے  ہندو یاتریوں کا وفد وشو نا تھ بجاج کی سربراہی میں واہگہ بارڈ کے راستے  بد ھ کے روزپاکستان پہنچ گیا جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز رانا شاہد سیلم نے یاتریوں کوچیئرمین بورڈ ارشد فرید خان کی طرف سے پھولوں کے گلدستے اور شیو راتری کی مبارکباد پیش کر تے ہو ئے خوش آمدید کہا۔

رانا شاہد سلیم نے واہگہ بارڈر پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کیلئے سیکورٹی،رہائش،ٹرانسپورٹ اورمیڈیکل سمیت دیگرتمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دل اوردروازے بھارتی مہمانوں کے لئے کھلے ہیں، دوران قیام مہمانوں کی بھر پور خدمت اور توا  ضع کی جائے گی جس کا نا صرف وہ خود اعتراف کر یں گے بلکہ پاکستان سے اچھی یادیں لے کر بھا ر ت جا ئیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے درخواست دینے والے 112  ہندویاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے ہیں،یاتریوں کو 6 سے 12 مارچ تک 7دن کا ویزا دیا گیا ہے، یاتری لاہور کے کرشنا مندر میں بھی پوجاپاٹ کریں گے اور12مارچ کو انڈین یاتری واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہو جائیں گے۔

اس مو قع پر وفد کے پارٹی لیڈروشوناتھ بجاج نے پا کستان کی طرف سے یاتریوںکو امیگریشن اور کسٹمز  کے حوالے سے دی گئی سہولیا ت کو سراہتے ہو ئے کہا کہ  انہیں ایسا محسو س ہو رہا ہے کہ وہ اپنے ہی گھر میں آئے ہیں اور انہیں پا کستا ن پہنچنے میں ذرا بھی دشواری پیش نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پہنچنے پر ہمارا جس طرح استقبال کیا گیا اس پر ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے شکرگزارہیں۔انہوں نے کہا کہ شری کٹاس راج ہمارے لیے انتہائی مقدس ہے،ہم یہاں سے اچھی یا دیں لے کر جا ئیں گے ۔

 یا د رہے کہ ہندو یاتری لاہور میں قیام کرنے کے بعد آ ج 7مارچ کو سپشل بسوں کے ذریعے تاریخی کٹاس راج مندر روانہ ہوں گے ۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام مہا شیو راتری کی مرکزی تقریب 9مارچ کو تاریخی کٹاس راج مندر چکوال میں منعقدہوگی جبکہ یاتری11مارچ کو لاہور میں کرشنا مندر،شاہی قلعہ و دیگر تاریخی مقامات کا دورہ کرنے کے بعد 12مارچ کو واپس بھارت روانہ ہوں گے۔