خانیوال، 08 مارچ(اے پی پی): ملک بھر کی طرح خانیوال میں 08 مارچ خواتین کے عالمی دن کے طورپر منایا گیا اس سلسلہ میں ایک ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈی پی او رانا عمر فاروق اور ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کی۔ ریلی جناح لائبریری سے شروع ہو کر ڈی پی او آفس اختتام پزیر ہوئی۔ریلی میں خواتین کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لئے مردوں نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈی پی او رانا عمر فاروق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ خواتین ریلی کا مقصد صنفی مساوات، خواتین پر تشدد اور بدسلوکی کی روک تھام ہے محکمہ پولیس خواتین کے حقوق کی خلاف ورزی پر زیر ٹالرنس پا لیسی پر عمل پیرا ہیں عورتوں پر جنسی تشدد، زیادتی و دیگر کرائم کی سرکوبی کے لئے پولیس تحفظ سنٹر و اینٹی وومن ہراسمنٹ سیل موجود ہے، محکمہ پولیس میں خواتین پولیس آفیسرز اپنی قابلیت اور صلاحیت کی بناء پر لوہا منوا رہی ہیں اور خواتین کے حقوق اور انصاف کی فراہمی کیلئے ہر دم کوشاں ہیں۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ معاشرے کی فلاح و بہبود میں خواتین کا کردار بنیادی اہمیت کا حامل ہے، فیصلہ سازی سمیت ہر شعبہ میں خواتین کا موثر کردار و تعداد خوش آئند ہے آج قوم کی باصلاحیت بیٹیاں، مائیں اور بہنیں باوقار طریقہ سے ملک وقوم کی خدمت میں مصروف عمل ہیں۔
ریلی میں اے ڈی سی آر عزوبا عظیم اور اے سی کوآرڈی نیشن صدف اکبر سمیت لیڈیز پولیس اور ہرشعبہ سے تعلق رکھنے والی خواتین نے بھرپور شرکت کی۔