اسلام آباد،8مارچ (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ تعلیم ہی خواتین اور لڑکیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا اصل ذریعہ ہے ،خواتین کی تعلیم پر سرمایہ کاری اور انہیں علم و ہنر سے آراستہ کرنے سے ایک بہتر اور خوشحال معاشرے کی تشکیل ہوسکتی ہے ۔
جمعہ کو عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ تعلیم صرف علم حاصل کرنے کے بارے میں نہیں ہے بلکہ یہ افراد کو اپنی کمیونٹی اور اس سے آگے تبدیلی کے قابل بنانے کے بارے میں ہے ۔انہوں نے ٹیکنالوجی اور جدت سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں صنفی مساوات کی طرف کام کرنے پر زور دیتےہوئے کہاکہ ہم مل کر ایسا مستقبل بنا سکتے ہیں جہاں خواتین کو مواقع تک مساوی رسائی حاصل ہو اور وہ معاشرے میں پوری طرح اپنا حصہ ڈال سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کی آبادی میں خواتین کا تناسب تقریباً 50 فیصد ہے، لیکن انہیں ساتھ لیکر چلنے اور بااختیار بنانے کے معاملے میں ملک کو ابھی ایک طویل سفر طے کرنا ہے۔