خواتین معاشرے کی حقیقی معمار ہیں، قوم اور معاشرہ ان کی گود میں پروان چڑھتا ہے؛ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ

2

سیالکوٹ، 8 مارچ ( اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا ہے کہ خواتین معاشرے کی حقیقی معمار ہیں، قوم اور معاشرہ ان کی گود میں پروان چڑھتا ہے، کوئی بھی معاشرہ اس وقت ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتا جہاں عورت و مردوں کے برابر آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم نہیں کئے جاتے۔

یہ بات انہوں خواتین کے عالمی دن پر گورنمنٹ علامہ اقبال کالج برائے خواتین سیالکوٹ کے اصغر سودائی آڈیٹوریم میں منعقد خصوصی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز شہزاد منور، پرنسپل زیبا ظہور اور نمائندہ یونیورسٹی آف سیالکوٹ ارشد بٹ سمیت کثیر تعداد میں ایسی خواتین نے شرکت کی جنہوں نے مختلف شعبہ زندگی میں کارہائے نمایاں انجام دیئے۔

 خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے کالج کی طالبات نے تقاریر کیں اور خواتین کی خدمات کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ طالبات نے ٹیبلوز کے زریعے جنسی امتیاز اور خواتین سے معاشرے میں روا رکھے جانے والے سلوک پر روشنی ڈالی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہال میں شمع آگاہی روشن کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ہر شعبہ زندگی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد کے بغیر صرف تعلیم کے بل بوتے پر کامیابی ممکن نہیں۔ بچیوں کو مسکراتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کرنا ہوگا۔