خواتین کو با اختیار بنانا کسی بھی ملک کی سماجی ترقی اور خوش حالی کے لئے ناگزیر ہے،خاتون اول بیگم ثمینہ علوی

21

راولپنڈی،08مارچ (اے پی پی):خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا ہے کہ خواتین کو  با اختیار بنانا کسی بھی ملک کی سماجی ترقی اور خوش حالی کے لئے  ناگزیر ہے۔ کسی بھی قوم  کے استحکام کو یقینی بنانے میں خواتین کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ تعلیم اور معاشی خود مختاری ہی خواتین کی صحیح معنوں میں آزادی اور ترقی کی ضامن ہیں۔ ہمارے مذہب اسلام نے عورتوں کو  مکمل حقوق  دیئے ہیں اور اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام اور تحفظ دلائیں۔

وہ جمعہ کو راولپنڈی وویمن یونیورسٹی میں ایس او ایس فاؤنڈیشن کے اشتراک سے خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے  ‘‘صنفی مساوات کے ذریعے معاشی طور پر بااختیار’’ کےعنوان سے سمینار سے خطاب کررہی تھیں۔خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ راولپنڈی ویمن یونیورسٹی نہ صرف ہماری نوجوان خواتین کو تعلیم کی مدد سے بااختیار کر رہی ہے بلکہ انہیں اہم اقتصادی سماجی ایشوز  پر آگہی بھی  دے رہی ہے، امید ہے کہ سب مل کر اس مقصد کے لیےکام کرتے رہیں گے۔

انہوں نےکہا کہ خواتین کا عالمی دن ہمیں اس بات کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اس بات کا جائزہ لیں کہ خواتین کے حقوق کے حوالے سے اب تک ہمارے ملک میں کیا پیش رفت  ہوئی ہے اور ابھی ہمیں مزید کن  شعبوں  میں کام کرنا ہے۔