پشاور، 08 مارچ (اے پی پی):کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے کہا کہ بہترین معاشرے کی تشکیل میں خواتین کے کردار سے انکار نہیں کیا جاسکتا، ہر کامیاب مرد کے پیچھے ایک عورت کا ہاتھ ہوتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے عالمی یوم نسواں کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی بےمثال کامیابی خواتین پولیو ورکرز کے مرہون منت ہے، خیبر پختونخوا میں انتظامی عہدوں پر تعینات خواتین آفیسرز نے ثابت کیا ہے کہ وہ مرد آفیسرز کی طرح انتظامی عہدوں پر بہترین خدمات فراہم کر سکتی ہیں بشرطیکہ ان کو مرد آفیسرز کی طرح مواقع اور عزت دی جائے۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر، خاتون ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پشاور ثنیہ صافی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور ڈاکٹر ادریس، خواتین اسسٹنٹ کمشنرز، پولیو فوکل پرسن پشاور ڈویژن ڈاکٹر نوید اور خواتین پولیو ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب میں خیبرپختونخوا میں پولیو مہم میں خواتین کی جانب سے فرنٹ لائن کے کردار ادا کرنے پر خواتین کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور انتظامی اور دیگر عہدوں پر فائز خواتین کے کارہائے نمایاں پر روشنی ڈالی گئی۔تقریب میں پولیو مہم کے دوران فرائض کی انجام دہی میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والی 38 خواتین پولیو ورکرز کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب کے آخر میں پولیو مہم اور دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خواتین آفیسرز اور پولیو ورکرز میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں ۔