لاہور،9مارچ (اے پی پی):کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتوئیف نے کہاہے کہ کرغزستان اور پاکستان کے درمیان مضبوط تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔
لاہور چیمبر میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر اولان بیک توتوئیف نے کہا کہ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر کاشف یونس مہر کو کرغزستان کا اعزازی قونصل جنرل مقرر کیا گیا ہے ، لاہور میں کرغز ٹریڈ ہائوس اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کرغزستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار اور مشترکہ کاروباری فورمز تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
سفیر نے کہا کہ کرغزستان پاکستان کے زراعت، فارماسیوٹیکل اور ٹیکسٹائل سمیت مختلف شعبوں میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے چین، کرغزستان اور ازبکستان کے درمیان ریلوے روابط پر بھی روشنی ڈالی۔
لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ پاک کرغزستان کے درمیان دیرپا دوستانہ تعلقات اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کے لیے مارکیٹوں کے بارے میں معلومات کا تبادلہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی مصنوعات بشمول ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، آلات جراحی، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، آٹو موٹیو پارٹس، پروسیسڈ فوڈ اور انجینئرنگ کی کرغزستان میں بڑی گنجائش ہے، دونوں ممالک سیاحت، لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ای کامرس کے شعبوں میں بھی مشترکہ منصوبہ سازی کرسکتے ہیں۔
لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ پندرہ ہزار سے زائد پاکستانی طلبہ کرغزستان میں تعلیم حاصل کراور دونوں ممالک تعلیم کے شعبے میں بھی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کرغزستان کو سی پیک کے ذریعے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اجلاس میں لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ سینئر نائب صدر ظفر محمود چوہدری، سابق سینئر نائب صدور کاشف یونس مہر، امجد علی جاوا، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران راجہ حسن اختر، جبار خالد، صدر کرغز ٹریڈ ہائو س ڈاکٹر شاہد حسن اور لاہور چیمبر کے سابق ایگزیکٹو کمیٹی ممبر حسنین رضا مرزا بھی اس موقع پر موجود تھے۔