نو منتخب صدرپاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی کا وفد کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

14

 

سیالکوٹ،9مارچ  (اے پی پی):پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نو منتخب صدر و ٹینس پلیئر اعصام الحق قریشی  ،نوجوان ٹینس پلیئر ز و ہیب افضل ملک نے وفد کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری  کا دورہ کیا۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے تمام معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔

خطبہ استقبالیہ میں صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے کہا کہ    صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق پاکستان کے ایک معروف و مایہ ناز ٹینس پلیئر ہیں، جنہوں نے بین الاقوامی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کئی اہم اعزاز پاکستان کے نام کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ  یہ پہلے پاکستانی ٹینس پلیئر ہیں جنہیں  دو مرتبہ گرینڈ سلم یو ایس اوپن مکسڈ ڈبلز ٹورنامنٹ کے  فائنل میں پہنچنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

صدر  سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا کہنا تھا کہ میں یہاں خاص طور پرزوہیب افضل ملک کا ذکر کرنا چاہوں گا،  جو پاکستان کے نمبرون  نوجوان  ٹینس پلیئر ہیں ،  زوہیب  نے اپنے 4 سالہ ٹینس کیریئر کے دوران متعدد قومی و بین الاقوامی لیول پر منعقدہ ٹینس ٹورنامنٹس و چیمپین شپ میں نہ صرف شمولیت اختیار کی بلکہ اس مختصر عرصہ میں 69 ٹائٹل بھی اپنے نام کئے ، جس میں کئی گولڈ اور سلور میڈل بھی شامل ہیں ۔ دو دفعہ آئی ٹی ایف میں پاکستان کے سکواڈ ممبر بنے جو ایک ایکٹو یو ٹی آر کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایشیئن ٹینس فیڈریشن   کے تحت منعقد ہ 16 ٹورنامنٹس میں شرکت کی ۔ علاوہ ازیں زوہیب  کو انڈر -12پاکستان کے نمبر 1 اور انڈر-10 پاکستان کے دوسرے نمبر کے کھلاڑی  ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ  میں سیالکوٹ کی  تاجر برادری  کی جانب سے  اعصام الحق اور زوہیب کو ان کی قابل قدر کامیابیوں  پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹینس کیریئر ماضی تا حال انتہائی شاندار ہے اور  ہمیں قوی امید ہے کہ  اعصام الحق قریشی کی زیر صدارت پاکستان اس کھیل میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گا اور زوہیب جیسے مزید ہونہار کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کریں گے ۔

صدر  عبدالغفور ملک نے ٹینس کے فروغ کے لیے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے پلیٹ فارم سے بھرپور تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔

 تقریب کے آخر میں صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عبدالغفور ملک نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے نو منتخب صدر و ٹینس پلیئر اعصام الحق قریشی  کو یادگاری شیلڈ سے بھی نوازا۔