ڈپٹی کمشنر قصور کا دورہ سبزی و فروٹ منڈی، 5دکاندار گرفتار

19

قصور،12مارچ(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی نے سبزی و فروٹ منڈی کا اچانک دورہ کیا اور صارفین سے ناجائز قیمت وصول کرنے پر 5 دوکانداروں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا۔ ڈپٹی کمشنرقصورمحمدارشدبھٹی نے بتایا کہ رمضان المبارک میں سستی اور معیاری اشیاء کی بلا تفریق فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے،ناجائز منافع خوری کرنیوالوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر قصورنے کہا کہ گرانفروشی کی کسی آڑھتی یا دوکاندار کیخلاف شکایت ملی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہو گی،ریٹ لسٹ کو نمایاں جگہ پر آویزاں کیا جائے، ماہ رمضان میں دوکاندار شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنرقصور نے اپنی نگرانی میں سبزیوں اور دیگر اشیاء کی بولی کروائی،مارکیٹ کمیٹی افسران کو منڈی میں مانیٹرنگ کے عمل کو مزید بہتر کرنے کی ہدایات بھی دیں۔

ڈپٹی کمشنر نے منڈی میں خریداری کیلئے آنیوالے صارفین سے بھی قیمتوں کے بارے میں دریافت کیا اور کریانہ مارکیٹ کا بھی دورہ کر کے اشیائے خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایکسٹرا اسسٹنٹ ڈائریکٹر اکنامک مارکیٹ ملک سرفراز احمد، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی شیراز احمد اور دیگر افسران بھی ہمراہ تھے۔