لاہور 13 مارچ ( اے پی پی ) پنجاب کے وزیر معدنیات سردار شیر علی گورچانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں معدنیاتی اداروں کے سربراہان کے ساتھ اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اس موقع پر مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے مختلف افسران شامل تھے۔اجلاس میں معدنیات اور کان کنی سے متعلق مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، جس میں ریونیو جنریشن بڑھانے اور لیزنگ کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنانے کی بات ہوئی۔ صوبائی وزیر نے چنیوٹ میں آئرن اور کے منصوبے کی جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔سردار شیر علی گورچانی نے اجلاس کے دوران بطور وزیر معدنیات اپنے انتخاب پر اپنی قائد وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر کی حیثیت سے میرا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے اور معدنیات سے متعلق کسی بھی جائز کام میں کسی نوعیت کی بھی رکاوٹ نہ ڈالنے کی یقین دہانی کرواتا ہوں۔ وزیر نے پنجاب کے جنوبی علاقوں کے معدنی خزانوں سے بھرپور استفادہ لینے کی بات کی اور سالٹ مائنز سے حاصل خزانے کو صوبے کی معاشی حالت میں بہتری کے لئے استعمال کرنے کا عندیہ بھی دیا۔اجلاس کے شرکاء میں ڈی جی مائنز رانا عبدالشکور کمشنر مائنز لیبر ویلفیئر اور چیف انسپکٹر آف مائنز ریاض احمد چودھری ایڈیشنل سیکرٹری اشفاق خان اور ایم ڈی پنجمن زبیر حسین کھرل بھی شامل تھے۔
اجلاس کے ختم ہونے پر سردار شیر علی گورچانی نے صوبے کے تمام افسران کو ان کی محنت پر مبارکباد دی اور اپنی حکومت کے کاموں سے معاشرتی بہتری کیلئے مشترکہ جدوجہد کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔