وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں قطر کے سفیر کی ملاقات

13

اسلام آباد،14 مارچ (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہبازشریف سے پاکستان میں قطر کے سفیر علی مبارک علی عیسیٰ الخطر نے  جمعرات کو یہاں  ملاقات کی۔ وزیراعظم نے قطر کے امیر  شیخ تمیم بن حمد الثانی، نائب امیر  شیخ عبداللہ بن حمد الثانی اور وزیراعظم  شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم الثانی کا اپنے وزیر اعظم کے طور انتخاب پر تہنیتی پیغامات بھجوانے پر شکریہ ادا کیا۔

 وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان کو قطر کے ساتھ اپنے قریبی، برادرانہ تعلقات پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان  معیشت تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط ہونے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مزید کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) جو کہ ان کے  سابق دور میں قائم کی گئی تھی، اب ایک موثر اور نتیجہ خیز طریقہ کار کے طور پر کام کر رہی ہے اور اس بات کو یقینی بنا رہی ہے  کہ غیر ملکی سرمایہ کار پاکستان کے اہم شعبوں یعنی زراعت،انفارمیشن ٹیکنالوجی،  کان کنی اور معدنیات کے شعبوں  میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔

وزیراعظم نے غزہ میں امن کی کوششوں میں قطر کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ امر انتہائی افسوس ناک ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں بھی غزہ میں تشدد کا سلسلہ جاری ہے۔

 قطر کے سفیر نے اس موقع پر کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کی پوری کوشش کریں گے۔

اے پی پی/سدرہ/حامد