لاہور۔15 مارچ( اے پی پی ) :عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کا فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں پانچواں اہم اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کمیٹی اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔اجلاس کے دوران عدالت عالیہ کے احکامات کی روشنی میں عملدرآمد کروانے کیلئے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
کمیٹی ممبران نے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے عدالت عالیہ کے احکامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف نے اس حوالہ سے حاضرین کو بریفننگ بھی دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کے حوالہ سے عدالت عالیہ کے احکامات پر عین مطابق سو فیصد عملدرآمد کروایا جائے گا۔عدالت عالیہ نے سرکاری ہسپتالوں کے بنیادی مسائل پر روشنی ڈالی ہے،سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے کوئی مشکل نہیں آنے دیں گے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں خرچ کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے سی ای او پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پروفیسر ڈاکٹر انجم جلال کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی اپنی سفارشات مرتب کر رہی ہے۔سب کمیٹی سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کیلئے طبی سہولیات کا جائزہ لے کر جلد حتمی سفارشات اور تجاویز پیش کرے گی۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ایکٹ 2003 کے تحت سرکاری ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس پر سو فیصد عملدرآمد ہونا چاہئے۔ صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بنیادی اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی گنجائش موجود ہے۔ پرائیویٹ پریکٹس کے حوالہ سے ایک پائلٹ پراجیکٹ لانچ کریں گے۔ طبی سہولیات کے حتمی نرخوں کیلئے بھی ایک سب کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔