طلبہ کو 19 ہزار پٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیگی ،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف

13

لاہور20مارچ ( اے پی پی ): طلبہ کے لئے 20 ہزار بائیکس پراجیکٹ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب بینک کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ 20 ہزار بائیک پراجیکٹ کےایم او یو پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی اور صدر پنجاب بنک ظفر مسعود نے دستخط کئے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے طلباءکے لئے مجوزہ الیکٹرک اور پٹرول بائیکس کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بائیکس کے نرخ کے بارے میں پوچھا اور کوالٹی چیک کی اور بائیکس کا کلر حکومت پنچاب کے سبز لوگو کے کلر کے مطابق کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بائیک کے لئے طلباء کی رجسٹریشن کا آغاز جلد از جلد کیا جائے گا۔ طلبہ کو 19 ہزار پٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیگی۔ بنک آف پنجاب کے اشتراک سے طلبہ کو آسان اقساط پر بائیک کی فراہمی پر سود حکومت دے گی،   پٹرول بائیک کی ماہانہ قسط پانچ ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی۔ مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈیلیوری شروع کر دی جائے۔  20 ہزار بائیکس کی فراہمی کا منصوبہ طلباء کی زندگی میں  آسانیاں پیدا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کے لئے بائیکس کی فراہمی چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کے تحت ایک انقلابی سکیم  ہے۔ ذاتی سواری طلبہ کے روز مرہ زندگی میں وقت کی بچت کو یقینی بنائے گی۔وقت کی بچت اور سفر میں آسانی  طلبہ کی تعلیمی استعداد کار میں بہتری کا سبب بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ  بائیکس کی تقسیم میں طلبہ و طالبات کی یکساں نمائندگی خوش آئند ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی مشیرپرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ  اینڈ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی بلال اکبر خان،چیف سیکرٹری،سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ، خزانہ، ایچ ای ڈی،چیئرمین پی آئی ٹی بی،صدر بینک آف پنجاب ظفر مسعود،ایم ڈی پی ایم اے، سیکرٹری پی ٹی اے پنجاب، سیکرٹری آر ٹی اے لاہور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔