لاہور؛صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ نے جلو پارک میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کر دیا

12

لاہور،21 مارچ ( اے پی پی): وزیر اعلیٰ  پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے میں تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم “پلانٹ فار پاکستان” کا آغاز کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفئیر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے جلو پارک میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ ڈی جی وائلڈ لائف مدثر ریاض اور اسسٹنٹ کمشنر شالیمار ڈاکٹر انعم فاطمہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ موجود تھے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے اپنے دفتر میں سیکرٹری سوشل ویلفیئر اقبال حسین اور ڈی جی آمنہ منیر کے ہمراہ بھی پودا لگایا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ  پنجاب مریم نواز کی قیادت میں سرسبز پنجاب کا خواب پورا کریں گے۔ جنگلات کے عالمی دن پر پنجاب بھر میں ‘درخت لگائیں پاکستان کے لئے’ مہم آغاز کر دیا گیا ہے۔ موسم بہارکے آغاز پر آج پورے پنجاب کی پہلی بار سب سے بڑی شجر کاری مہم شروع کی گئی ہے۔ ہمیں چاہیئے کہ اپنے حصے کا درخت لگا کر سموگ، فضائی آلودگی، پھیپھڑوں کے کینسر سمیت دیگر موذی بیماریوں، سیلاب کے خطرات کم کرنے میں عملی کردار ادا کریں۔ ایک درخت کی زندگی کروڑوں انسانوں کی زندگی ہے۔عوام سے اپیل ہے کہ اپنے حصے کا درخت لگا کر اس سرسبز و شاداب صوبے کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔