وہاڑی،24 مارچ(اے پی پی):وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے ضلع وہاڑی میں یوٹیلیٹی اسٹورز کا دورہ کیا اور وزیراعظم رمضان ریلیف پیکیج کے تحت سستے داموں فراہم کی جانے والی والی اشیاء خوردونوش کے معیار کا جائزہ لیا۔
وفاقی وزیر نے یوٹیلیٹی اسٹورز وہاڑی کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی کے تحت وہاڑی کی عوام کو مکمل ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ رمضان المبارک میں انہیں روزمرہ کی اشیاء خریدنے میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد پاکستان مسلم لیگ ن محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے اور تمام مشکلات پر قابو پا کر عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی ٹیم بن کر ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ملک کو مشکلات سے نکالیں اور اسے دنیا کے دوسرے ممالک کے برابر کھڑا کریں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اس نہج تک پہنچایا کسی اور نے ہے اور ٹھیک پاکستان مسلم لیگ نواز کو کرنا پڑ رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ملک میں زراعت معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ، زراعت کی ترقی کیلئے حکومت منصوبہ بنا رہی ہے جلد اس پر عمل ہوگا اور ملک ترقی کرے گا۔