ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، انشاءاللہ پہلے بھی امن قائم کیا تھا اور اب بھی امن قائم ہوگا ؛ عطاءاللہ تارڑ

7

اسلام آباد،25مارچ  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے  کہا ہے کہ   ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے، انشاءاللہ پہلے بھی امن قائم کیا تھا اور اب بھی امن قائم ہوگا، گوادر پورٹ اتھارٹی پر حملے میں ملوث کریم جان نامی دہشت گرد 2022 سے مسنگ پرسن ڈیکلیئر تھا، یہ انتہائی حساس معاملہ ہے، اسے مزید دیکھنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمیں اپنی سکیورٹی فورسز پر مکمل اعتماد ہے، شہداءکو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ملک کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ پچھلے دنوں گوادر پورٹ اتھارٹی پر حملہ ہوا جس کی ذمہ داری بی ایل اے نے قبول کی، اس حملے میں ملوث کریم جان نامی دہشت گرد ہلاک ہوا، جب اس کی میت ورثاءکے حوالے کی گئی تو معلوم ہوا کہ یہ 2022 سے مسنگ پرسن ڈیکلیئر تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑی تشویشناک بات ہے کہ اس دہشت گرد کے حوالے سے دو سال سے یہ مہم چلائی جا رہی تھی کہ یہ مسنگ پرسن تھا۔ انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ ہمارا تجارتی مرکز ہے، سی پیک کا حصہ ہے، اس پر حملہ ہماری معیشت پر حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن قائم کرنے کے لئے حکومت اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف روزانہ کی بنیادوں پر معیشت کے حوالے سے اجلاس منعقد کر رہے ہیں، حکومتی توجہ عوام کے مسائل کے حل پر مرکوز ہے، سٹیٹ اون اداروں کی نجکاری، حکومتی اخراجات میں کمی، ٹیکس اصلاحات، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن، ٹیکس نیٹ میں اضافہ جیسے اقدامات پر ہماری توجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان پہلی مرتبہ ٹیکس حجم کو بڑھانے والے کاروباری حضرات کو ایوارڈز سے نوازے گی، اس ضمن میں وزیراعظم ہائوس میں باقاعدہ تقریب ہوگی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی اصلاحات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے وزیراعظم نے ملک بھر میں وزراءکی ڈیوٹیاں لگائیں، کل بھی وفاقی وزراءنے یوٹیلٹی سٹورز کے دورے کئے اور وہاں موجود انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے تمام اقدامات کے حوالے سے روڈ میپ بن رہا ہے، وزیراعظم کی توجہ معاشی اصلاحات پر موجود ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف اس وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، گوہر خان الگ اور شیر افضل خان الگ بات کرتے ہیں، پی ٹی آئی رہنما ایک دوسرے پر الزامات عائد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک قومی جماعت ہے لیکن اس کے رہنمائوں کا رویہ ایسا ہے جیسے چھوٹے بچے آپس میں لڑ رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما اندرونی سیاست چھوڑ کر میثاق معیشت کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما کبھی آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں، کبھی یورپی یونین سے الیکشن کی تحقیقات کا کہہ رہے ہیں، اگر آپ کو شکایت ہے تو الیکشن کمیشن یا الیکشن ٹربیونلز میں جائیں، یہ لوگ لابنگ فرمز ہائر کرتے ہیں، لابنگ فرمز کو ہائر کرنے پر لاکھوں ڈالر خرچ آتا ہے، اتنا پیسہ ان کے پاس کہاں سے آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ لو نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو سرٹیفائیڈ جھوٹا قرار دیا ہے۔