وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت محکمہ لائیو اسٹاک سے متعلق اجلاس، کیٹل مارکیٹ اور سلاٹر ہاؤس میں صرف ویکسینیٹڈ اور ٹیگ والے مویشی لانے کی پابندی پر اتفاق

32

لاہور،27 مارچ(اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت محکمہ لائیوسٹاک کے حوالے سے اجلاس میں کیٹل مارکیٹ اور سلاٹر ہاؤس  میں صرف ویکسینیٹڈ اور ٹیگ والا مویشی لانے کی پابندی پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلی مریم نواز شریف نے چین کو بھینس کا گوشت اور دودھ کی برآمد بڑھانے کا ٹارگٹ دے دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بریڈ کنٹرول، بیماریوں سے بچاؤ کیلئے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب میں ڈزیز کنٹرول کمپارٹمنٹ بنانے کی ہدایت  دی اور کہا کہ ایف ایم ڈی بیماری کی ویکسینیشن مقامی سطح پر زیادہ مقدار میں  تیار کی  جائے اور اس کے علاوہ ایف ایم ڈی کنٹرول پروگرام کو مزید موثر بنایا جائے۔ انھوں نے کہا کہ ڈیری پراڈکٹس کی برآمد بڑھانے کیلئے نیا میکانزم بنانا ہوگا، انھوں نے کہا کہ ویکسین پروڈکشن لیبز کی آپ گریڈیشن پر360 ملین لاگت  آئے گی ، 299 ملین کی لاگت سے زونوسز سنٹر کی اپگریڈیشن ہوگی۔

مریم نواز نے ہدایت دی کہ مویشیوں کا مستنڈ ڈیٹا تیا ر اور مستقل اپ ڈیٹ کیا جائے۔ مریم نواز شریف نے گلف ممالک اور چین کے ساتھ پولٹری تجارت کے حجم سے متعلق رپورٹ مرتب کرنے کی بھی ہدایت دی۔

اجلاس میں ویٹرنری ڈاکٹرز کیلئے موٹر بائیکس، اور موبائل ڈسپنسریز کیلئے وین فراہم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو سٹاک جی ڈی پی کا 14.36 فیصد ہے اور ملک میں پنجاب 62 فیصد دودھ، گوشت 43 فیصد، مٹن 33 فیصد، اور پولٹری میٹ 65 فیصد پیدا کرتا ہے۔ چین 17 ارب ڈالر کا گوشت اور 2 ارب ڈالر کا دودھ درآمد کرتا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بریڈ امپروومنٹ سے 15 سے 25 فیصد پیداوار بڑھائی جا سکتی ہے۔

  صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر زراعت محمد عاشق حسین، سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز خزانہ، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔