چئیرمین پی سی  بی  محسن نقوی سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے وفد کی ملاقات

0

اسلام آباد، 27 مارچ (اے پی پی ):چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے وفد نے بدھ کو ملاقات کی۔ملاقات میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کرانے کے انتظامات کے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

 کرس ٹیٹلے کی قیادت میں آئی سی سی کے وفد کے دیگر  ارکان میں سارہ ایگرڈ اور عون زیدی شامل تھے ۔آئی سی سی کے  وفد نے کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے اسٹیڈیمز میں سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لئے ہر سطح پر فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔چیمپئنز ٹرافی جتنا بڑا ٹورنامنٹ ہے، اس کے مطابق انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کی اسٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل کر لیا جائے گا اور تمام ضروری امور بر وقت مکمل کر لئے جائیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کی کامیاب میزبانی کے لیے پی سی بی کے عزم کا اعادہ کیا۔

چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی  سلمان نصیر،  ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔