اسلام آباد،29 مارچ (اے پی پی): صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں فلسطین کے سفیر احمد جواد ربیع نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ۔سفیر نے غزہ کی پٹی میں بے گناہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم اور دہشت گردی پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا ، ہر فورم پر آواز بلند کرے گا،فلسطینی عوام بہادر ہیں ، اسرائیلی قبضے کے خلاف طویل جدوجہد کر رہے ہی۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بناتے ہوئے غزہ تک انسانی امداد پہنچانے کے لیے کوششیں کرے، پاکستان فلسطینی عوام کے لیے خوراک اور ادویات سمیت مزید امدادی سامان بھیجے گا۔
فلسطینی سفیر نے تعلیم کے شعبے میں پاکستان کی مدد کو سراہا اور کہا کہ 50,000 سے زائد فلسطینی پاکستان کے تعلیمی اداروں سے مختلف شعبوں میں گریجویشن کر چکے۔فلسطینی سفیر نے صدر محمود عباس کا سلام صدر مملکت آصف علی زرداری کو پہنچایا اور فلسطینی عوام کے ساتھ مسلسل حمایت اور یکجہتی پر پاکستانی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔











