لاہور؛23 ویں سی ای اوز ہیلتھ اور ایم ایس کانفرنس کا انعقاد

19

 

لاہور، 30 مارچ(اے پی پی): صوبائی وزرا صحت خواجہ عمران نذیر اور خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر میں 23 ویں سی ای اوز ہیلتھ اور ایم ایس کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں صوبائی وزراء صحت نے سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

سیکرٹری صحت علی جان خان نے سی ای۔او/ایم ایس کانفرنس کے ایجنڈہ پر اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔

صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر خواجہ عمران نذیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پورے ہیلتھ سسٹم کی اوورہالنگ کی جارہی ہے۔ 2500 بنیادی اور 300 دیہی مراکز صحت کی ریویمپنگ ایک سال کے اندر مکمل کر لی جائے گی۔

 خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ دیہی و بنیادی مراکز صحت کی ریویمپنگ پر 50 ارب روپے خرچ کیئے جارہے ہیں جس کے بعد تمام صحت کے نظام میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔انہو ں نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کے لئے 5 ارب روپے جاری کردیے گئے ہیں، 36 اضلاع میں CM Clinics on Wheel اور فیلڈ ہسپتالوں کا نظام اپریل کے آخر میں شروع کیا جائے گا۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ سی ای اوز ہیلتھ، ایم ایسز ایمانداری، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ انداز میں فرائض سر انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں کرپشن کلچر کا خاتمہ میرا مشن ہے۔ میرٹ، کارکردگی کی بناپر سی ای او ہیلتھ، ایم ایس کی تعیناتی ایک کمیٹی کے ذریعے کی جائے گی۔انھوں نے بتایا کہ پنجاب کی ساڑھے بارہ کروڑ آبادی کے لئےصحت کی دستک آپکی دہلیز پر صحت کا نیا نظام اپریل میں لانچ کیا جارہا ہے

صوبائی وزیر محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی ذات کے بعد پنجاب کی عوام نے ایک بار پھر خدمت کا موقع دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ کا نام لے کر ایک نئے جذبے کے ساتھ عوام کی خدمت کا سلسلہ شروع کیا ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ میرٹ پر زیرو ٹولرنس ہوگا، اس وقت پاکستان کو بہت سارے چیلنجز درپیش ہیں۔ ہم سب نے اپنی کیپیسٹی میں محنت کرکے پاکستان کو ترقی کی راہ میں گامزن کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہمارا دامن صاف ہوگا تو کوئی ہمارے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکتا،سرکاری ہسپتالوں میں جاری ری ویمپنگ منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ بھر میں انسانی اعضاء کی غیر قانونی پیوندکاری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کر رہے ہیں، سرکاری ہسپتالوں کے بلڈ بنکس کو فعال بنا رہے ہیں۔

کانفرنس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹریز محمد اقبال اور محمد احمد، ڈی جی ہیلتھ سروسز ڈاکٹر الیاس گوندل، ڈی جی ڈرگز پنجاب ڈاکٹر سہیل، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر عاصم الطاف، ڈاکٹر یونس، راشد ارشاد اور خضر افضال، محمد احمد خان اور تمام سی ای اوز اور ایم ایس حضرات نے شرکت کی۔