اسلام آباد ، یکم اپریل (اے پی پی ): راولپنڈی وومین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے زیر اہتمام خواتین کو خود مختار اور باروزگار بنانے کی غرض سے تین روزہ رمضان بازار کا اہتمام نجی مال میں کیا گیا جس میں مختلف خواتین کی جانب سے دستکاری کے نمونوں اور آرٹ کی مختلف اشیا پر مبنی سٹالز لگائے گئے جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور دلچسپی کا اظہار کیا۔
افتتاحی تقریب میں اردن کے سفیر ڈاکٹر معین، سارک کی چیئر پرسن حنا منصب خان، راولپنڈی وومین چیمبر کی صدر صبوحی حسین،راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے گروپ لیڈر سہیل الطاف، راولپنڈی چیمبر کے صدر ثاقب رفیق، راولپنڈی چیمبر کے سابق صدر زاہد لطیف ، ایف پی سی سی آئی لاہور کے نائب صدر زکی اعجاز،ایف پی سی سی آئی کے چیف کوآرڈینیٹر ملک سہیل، ایف پی سی سی آئی کے صدر کی ایڈوائزر مس افشاں، اسلام آباد چیمبر کے سابق نائب صدر محمد فہیم، سابق سینئر نائب صدر نوید چوہدری، اسلام آباد سمال چیمبر کی نائب صدر ، سرگودھا وومین چیمبر آف کامرس کی فاونڈر صدر مس شمیم آفتاب، تاجکستان اور ایرانی سفاتخانے کے نمائندگان ،میڈ یا کے نمائندوں کے علاوہ بزنس کمیونٹی سے وابسطہ افراد نے شرکت کی۔
مہمانوں نے تمام سٹالز کا دورہ کیا اور بعدازاں خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی وومین چیمبر آف کامرس کی جانب سےلگائے جانے والے رمضان بازار اور سٹالز کو سراہا، بچوں کیلئے میجک شو کا انعقاد کیا گیا۔