لاہور 20 اپریل(اے پی پی): روانڈا نیشنل پولیس کے اعلیٰ افسران نے سنٹرل پولیس آفس کا دورہ کیا اور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ چیف سپرنٹنڈنٹ روانڈا نیشنل پولیس خالد کباشا، آئی ٹی ہیڈ آسکر سکیندی وفد میں شامل تھے۔
ملاقات میں روانڈا اور پنجاب پولیس کے مابین سکیورٹی امور سے متعلقہ باہمی تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے بارے تبادلہ خیال کیاگیا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس روانڈا پولیس کو پولیسنگ، آئی ٹی، ٹریننگ، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی، ملاقات میں روانڈا پولیس حکام کو پنجاب پولیس کے انفراسٹرکچر و ہیومن ریسورس، آئی ٹی بیسڈ پولیسنگ و اصلاحات و دیگر امور بارے آگاہ کیا گیا۔
روانڈا پولیس حکام نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک مینجمنٹ، انفراسٹرکچر، استعداد کار کے شعبوں میں جدت سے ہمکنار ہونے کیلئے پنجاب پولیس کے تجربات سے استفادہ کے خواہشمند ہیں۔
وفد نے کہا کہ روانڈا نیشنل پولیس میں پنجاب پولیس کی طرز پر سمارٹ پولیسنگ، آئی ٹی اصلاحات کے لئے وسیع گنجائش موجود ہے۔ روانڈا پولیس افسران نے پنجاب پولیس کے ماہرین کو روانڈا کے دورے کی دعوت بھی دی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے روانڈا پولیس وفد کو پنجاب پولیس ڈیش بورڈ کی ورکنگ، مانیٹرنگ سسٹم بارے آگاہ کیا، خالد کباشا نے کہا کہ لا اینڈ آرڈر و کرائم کنٹرول، پبلک سروس ڈلیوری میں پنجاب پولیس کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، روانڈا نیشنل پولیس کے وفد کو پولیس خدمت مراکز، ڈرائیونگ ٹریننگ سنٹرز، سپیشل انیشئیٹو پولیس سٹیشنز کا دورہ بھی کروایا گیا۔
وفد نے کہا کہ پنجاب پولیس کے پبلک سروس ڈیلیوری، جدید سہولیات پر مبنی آئی ٹی پراجیکٹس عالمی معیار کے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق رستم چوہان سمیت سینئر پولیس افسران موقع پر موجود تھے۔