سکھر: امن وامان کی صورتحال پر ڈی آئی جی عبدالحمید کھوسہ کے زیر صدرات اجلاس

33

سکھر،20اپریل(اے پی پی): وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار اورآئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ہدایت پر ڈی آئی جی عبدالحمید کھوسہ کے زیر صدرات ایس ایس پی آفس سکھر میں اجلاس منعقد ہوا، ایس ایس پی آفس میں منعقدہ میٹنگ میں ایس ایس پی عابد علی بلوچ سمیت سب ڈویژن سائٹ ، سٹی، روہڑی اور پنوں عاقل کے ایس ڈی پی اوز و ایس ایچ اوز سمیت دیگر آفس اسٹاف نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی عبدالحمید کھوسہ کی جانب سے روپوش ،اشتہاریوں کی گرفتاری ،آرگنائزڈ کرائم، نارکوٹیکس،آئس ،گٹکا، ماوا، مین پڑی، دیسی شراب کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر کمپین شروع کرنے کی ہدایات دی گئیں۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی تحصیل، شہر، دیہات اور علاقے میں منشیات پان پراگ گٹکا پکڑی گئی تو متعلقہ پولیس افسران کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔

ڈی آئی جی سکھر رینج نے مزید کہا کہ آرگنائزڈ کرائم کو ہر صورت میں کچلا جائیگا۔ کوئی بھی سماج دشمن عناصر منظم کرائم کا سوچ رہے ہیں یا اسطرح کے عزائم و ارادے رکھتے ہیں تو وہ فوراً بلاتاخیر اپنا قبلہ درست کرلیں۔ جرائم پیشہ افراد، نارکوٹیکس پیڈلرز، سیلرز، مینوفیکچررز، سپلائیرز اور انکے سہولت کاروں کو گرفت میں لایا جائیگا ۔

ڈی آئی جی عبدالحمید کھوسہ نے محکمے میں موجود کارکردگی دکھانے والے اچھے افسران کی حوصلہ افزائی کی انہوں نے کہا کہ کارکردگی نہ دکھانے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کے ساتھ ساتھ محکمے میں موجود کالی بھیڑوں کو بھی ہرگز نہیں بخشا جائے گا۔