ضمنی انتخابات ‘صوبائی دارالحکومت میں پولنگ عمل پرامن انداز میں مکمل ‘ فول پروف سکیورٹی انتظامات ،گنتی کا عمل شروع

11

لاہور 21اپریل (اے پی پی)صوبائی دارالحکومت لاہور میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل پرامن اور احسن انداز میں مکمل ہو گیا۔

 اس موقع پر پولیس ،رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت سے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ، شہر کے مختلف علاقوں میں لڑائی جھگڑے کے اکا دکا واقعات کی اطلاعات موصول ہوئیں تاہم مجموعی طور پر پولنگ کا عمل پرامن طور پر خوش اسلوبی سے پایہ تکمیل تک پہنچا۔

 گرمی کے موسم کے باوجود لوگوں نے جوش و جذبہ سے انتخابی عمل میں حصہ لیا’علی الصبح ٹرن آئوٹ زیادہ رہا تاہم گرم موسم کی وجہ سے دوپہر کے بعد ٹرن آئوٹ کم ہونا شروع ہو گیا، الیکشن کمیشن پنجاب نے صبح 8  سے شام 5 بجے تک پولنگ کے اوقات مقرر کئے تھے تاہم الیکشن کمیشن نے پولنگ سٹیشنوں کی حدود میں موجود ووٹرز کو اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کی اجازت دی،صوبائی دارالحکومت لاہور میں ضمنی انتخابات کیلئے قومی اسمبلی کی ایک نشست کیلئے 9 اور صوبائی اسمبلی کی 4 نشستوں کیلئے کل67امیدوار مدمقابل تھے، قومی اسمبلی کی ایک نشست کیلئے این اے 119سے کل 9 امیدوار مدمقابل اور اس حلقے میں 5 لاکھ 30 ہزار 167ووٹرزکیلئے 338پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے  تھے۔

اسی طرح صوبائی اسمبلی کے 4 حلقوں پی پی 147 میں 11امیدوار ،پی پی 149میں 14امیدوار،پی پی 158میں 22 امیدوار اور پی پی 164 میں 20 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا،پی پی 147میں کل 3 لاکھ 74 ہزار 847 ووٹرز کیلئے 232پولنگ اسٹیشنز،پی پی 149میں کل 3 لاکھ 45 ہزار 448 ووٹرز کیلئے 218پولنگ اسٹیشنز،پی پی 158میں ایک لاکھ 85 ہزار 516ووٹرز کیلئے116 پولنگ اسٹیشنزاورپی پی 164 میں ایک لاکھ 43ہزار395 ووٹرز کیلئے کل 97 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے جبکہ چاروں صوبائی اسمبلی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد مجموعی طور پر 10 لاکھ 94 ہزار 306 ہے،ضمنی انتخابات میں پولنگ سٹیشنز سمیت شہر بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ اور محکمہ داخلہ پنجاب کی سفارش پر ضمنی انتخابات کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی بند رہی، انتخابات کے پر امن انعقاد کیلئے پولنگ سٹیشنزاور الیکشن عملہ کو بھرپور تحفظ فراہم کرنے کے لیے پولنگ کے دوران کنٹرول رومز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے موثر مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی۔

پولنگ کے دوران شہر بھر میں ایلیٹ، ڈولفن اور پی آر یو کی ٹیمیں بھی موثر پٹرولنگ پر مامور رہیں ،صوبائی دارلحکومت میں ضمنی انتخابات میں کل 1001پولنگ اسٹیشنز میں 1052 پریزائیڈنگ آفیسرز’3085 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسرز اور 3085 پولنگ آفیسرز نے اپنی ڈیوٹی سر انجام دی،این اے 119میں 338 پولنگ اسٹیشنز پر355 پریزائیڈنگ آفیسر ز’1044 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر ‘1044پولنگ آفیسرزتعینات رہے، اسی طرح پی پی 147میں 232 پولنگ اسٹیشنز پر 244 پریزائیڈنگ آفیسر ز’713 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر  اور713پولنگ آفیسرزنے ڈیوٹی سرانجام دی،پی پی 149میں 218 پولنگ اسٹیشنز پر229 پریزائیڈنگ آفیسر ز’678 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر ‘678پولنگ آفیسرزڈیوٹی پرتعینات رہے،پی پی 158میں 116پولنگ اسٹیشنز پر122 پریزائیڈنگ آفیسر ز’368 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر ‘368پولنگ آفیسرزڈیوٹی پر تعینات رہے،پی پی 164میں 97 پولنگ اسٹیشنز پر102 پریزائیڈنگ آفیسر ز’282 اسسٹنٹ پریزائیڈنگ آفیسر  اور282پولنگ آفیسرزنے اپنی ڈیوٹی سرانجام دی،پرامن اور محفوظ انتخابات کے انعقادکیلئے لاہور پولیس کے24ایس پیزاور45ایس ڈی پی اوز ‘168 انسپکٹرز،ایس ایچ اوز اور انچارج انویسٹی گیشنز متعلقہ علاقوں میں الیکشن ڈیوٹی پر ماموررہے’ویمن پولنگ سٹیشنوں اورخواتین ووٹرز کی سکیورٹی کیلئے لیڈی پولیس کانسٹیبلان بھی ڈیوٹی پر ماموررہیں جبکہ مجموعی طور پر17ہزار سے زائد پولیس آفیشلز نے سکیورٹی کے فرائض سر انجام دیئے، پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعدگنتی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔