سرگودھا، 22 اپریل( اے پی پی): کمشنر محمد اجمل بھٹی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور زمین کی حفاظت سے ہی ہمارے بچے بہتر ماحول میں سانس لے سکیں گے لہٰذا بہتر اور صاف ستھری زندگی کے لیے ہر انسان کو ایک پودا ضرور لگانا چاہیے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ سرگودھا کے علامہ اقبال کیمپس میں عالمی یوم ارض کے موقع پر پودے لگانے کی تقریب میں کیا ۔ ڈپٹی کمشنر شعیب علی ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر یسین ، کنزرویٹر جنگلات ، اے ڈی سی آر، ڈی ایف او اور اے ڈی ماحولیات کے علاؤہ یونیورسٹی کا تدریسی وغیر تدریسی سٹاف بھی موجود تھا ۔
کمشنر نے کہا کہ ارتھ ڈے منانے کا مقصد موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں تعلیم اور آگاہی دینا ہے تاکہ شہریوں میں زمین اور ماحول کے تحفظ بارے شعور پیدا ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں درختوں کی کمی کی وجہ سے ماحولیاتی آلودگی اور دیگر مسائل بڑھتے جا رہے ہیں اس لیے طلبہ نے خود درخت لگا کر دوسروں کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ آنے والے دور میں پاکستان کوماحولیاتی آلودگی سے پاک خطہ دیکھنا چاہتے ہیں اور بہتر ماحول کی دستیابی ہر شہری کا حق ہے۔ کمشنر نے مزید کہا کہ تمام شہریوں کو گرین پاکستان کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔
ڈپٹی کمشنر شعیب علی نے کہا کہ اس دھرتی کو محفوظ اور سرسبز بنانے کے لیے ہر شخص کو انفرادی کردار ادا کرنا ہو گا تاکہ آنے والے نسلوں کو بہتر سے بہتر ماحول دستیاب ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی آلودگی کو کم کرنے کے لیے ہمیں چاہئے کہ شہروں کو صاف ستھرا رکھیں، توانائی کی بچت کریں، روزمرہ کی زندگی میں پلاسٹک شاپرز کا استعمال ترک کر کے ری سائکلنگ کا عمل اپنائیں، پانی کا ضیاع روکیں، گاڑیوں اور فیکٹریوں سے پیداہونے والی آلودگی کو کم کریں اس کے علاوہ گھروں،دفاتر،دوکانوں اورفیکٹریوں کی تمام فالتو/غیرضروری بتیاں اور بر قی آلات بند رکھ کر،شیونگ،ٹوتھ برش یا وضو کر نے کے دوران پانی کا نل کھلا نہ چھوڑیں، برتن و کپڑے دھونے یا نہانے کے دوران پا نی کا ضیاع روکیں، روزمرہ سودا سلف کی خریداری کیلئے ہمیشہ کپڑے کا تھیلا استعمال کر یں اور کوڑا کر کٹ گلی، سڑک یا راستے میں نہ پھینکیں۔











