لاہور،22اپریل (اے پی پی):بجلی بل سے نجات روشنی کے ساتھ،پنجاب میں 50ہزارگھرانوں کو ون کے وی سولر سسٹم دینے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔وزیر اعلی مریم نواز نے فوری طور پر پائلٹ پراجیکٹ شرو ع کرنے اور جدید ترین ٹیکنالوجی کے حامل سولر سسٹم انسٹال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلی نے مختلف گھروں میں ون کے وی سولر سسٹم لگا کر افادیت کا جائزہ لینے کا حکم دیا۔
وزیر اعلی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایک کلو واٹ کے سولر سسٹم پر ٹیکنیکل امور پربریفنگ میں بتایا گیا کہ 100یونٹ تک بجلی خرچ کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین اہل ہونگے۔ ون کے وی سسٹم میں، دو سولر پلٹیں،بیٹری، انورٹر،تاریں دی جائیں گی۔ ون کے وی سولر سسٹم سے پنکھے، لائٹیں، چھوٹی موٹر چلائی جا سکے گی۔ لتھیم آئرن بیٹری کے ذریعے 16گھنٹے تک بیک اپ حاصل کیا جا سکے گا۔
اجلاس میں بہترین کوالٹی کی سولر پلیٹس، انورٹر،بیٹریاں اور دیگرسامان استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کیلئے سولر سسٹم کا دائرہ کار بتدریج بڑھایا جائے گا۔ روشن گھرانہ پروگرام کا مقصدغریب آدمی کو مہنگی بجلی سے نجات دلانا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری،سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، چیئرمین پی اینڈ ڈی، سیکرٹریز انرجی،خزانہ،چیف ایگزیکٹو آفیسر پی پی ڈی سی ایل، منیجنگ ڈائریکٹر پی پی ڈی بی اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔