ضمنی الیکشن کے نتائج نے ثابت کیا  کہ عوام نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے فیصلہ ن لیگ کے حق میں دیا ہے؛وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی

11

لاہور،22اپریل  (اے پی پی):ضمنی الیکشن کے شفاف انعقاد اور نتائج نے یہ ثابت کیا ہے کہ پنجاب کے عوام نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے وژن اور قیادت پر اعتماد کرتے ہوئے فیصلہ ن لیگ اور نواز شریف کے حق میں دیا ہے،الیکشن نے اس جھوٹ کو بے نقاب کیا ہے جو وسیم  اکرم پلس کی صورت میں 5 سال عوام پر مسلط رہا اور صوبے کا کباڑا کر دیا۔

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر زراعت نے کہا کہ آج پنجاب کے باشعور عوام نے خدمت اور ترقی کو ووٹ دیا ہے،امیدواروں کی کامیابی مسلم لیگ(ن) پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز  کی ڈیڑھ ماہ کی حکومت پی ٹی آئی کی 5 سالہ حکومت پر بھاری ہے،اس قلیل مدت کے دوران زراعت،صحت،تعلیم اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں میگا پراجیکٹس شروع کئے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ محکمہ تعلیم سے نقل مافیا کا خاتمہ کیا گیا  جبکہ محکمہ صحت میں ایئر ایمبولینس سروس و فیلڈ ہسپتال شروع کرنے کے ساتھ ساتھ کالجوں اور یونیورسٹیوں کے طلبا وطالبات کو آسان اقساط پر بائیکس فراہم کی جائیں گی،گزشتہ حکومت کے5 سالہ تباہی والے دور کو خوشحالی میں تبدیل کرنے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت  صوبے  اور وفاق کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی مانند ہے،  اس شعبے میں 500 ارب روپے کی لاگت سے بڑا منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے،کسان کارڈ،بلاسود قرضے اور میکنائزیشن پروگرام کے تحت30 ہزار زرعی مشینیں60 فیصد سبسڈی پر کاشتکاروں کو فراہم کی جائیں گی۔