بورے والا، 24 اپریل (اے پی پی):محکمہ پاسکو نے گندم کی خریداری کا عمل شروع کردیا ہے،خریداری مراکز پر کاشتکاروں کو بار دانہ تقسیم کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے تحصیل بورے والا زون سے ساڑھے سات لاکھ بوری کی خریداری کا ہدف مقرر کردیا گیاہے۔محکمہ پاسکو کی جانب سے تحصیل بورے والا زون میں 17خریداری مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
زونل ہیڈ پاسکو راو محمد اکرم کے مطابق اس سال ساڑھے سات لاکھ بوری گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا جس کے لئے خریداری مراکز پر شفاف طریقے سے پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر بار دانہ تقسیم کیا جارہا ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر عبدالباسط صدیقی کے مطابق بار دانہ کی تقسیم کے عمل کی مکمل نگرانی کی جارہی ہے کسی بھی قسم کی شکایت پر اسکا فوری ازالہ کیا جائے گا۔
کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ انہیں بآسانی بار دانہ مل رہا ہے کسی قسم کی کوئی پریشانی نہیں ہے۔
حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کی گندم کے مقرر کردہ نرخوں پر خریداری کے عمل اور بار دانہ کی تقسیم کو شفاف بنانے سے کاشتکاروں کو ان کی فصل کا صحیح معاوضہ ملنے میں مدد ملے ہوگی۔